حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مظلومین و مجاہدین فلسطین سے اظہارِ یکجہتی کیلئے اور غاصب اسرائیل کے بدترین مظالم کے خلاف قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے حکم پر ملک گیر یوم یکجہتی فلسطین مذہبی جوش وجذبے سے منایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، جنوبی پنجاب کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہاتوں میں بعد از نمازِ جمعہ احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں اور جامع مساجد اور پریس کلپس کے باہر زبردست مظاہرے کئے گئے۔
یوم یکجہتی فلسطین کے سلسلے میں مجلس وحدت مسلمین کراچی کے ضلع ملیر گلشن حدید یونٹ کی جانب سے بعد از نمازِ جمعہ جامع مسجد جعفریہ کمپلیکس اسٹیل ٹاؤن تا اللہ والا چوک فیز 1 تک احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا، احتجاجی ریلی سے ایم ڈبلیو ایم کے رہنما مولانا نشان حیدر ساجدی، مولانا محمد علی زیدی الحسینی، مولانا بلاول فائزی، مولانا انصاف علی حیدری، صدر ضلع ملیر سید احسن عباس رضوی، صابر عمران و دیگر مقررین نے خطاب کیا، جبکہ حیدر علی زیدی نے ترانہ شہادت پیش کیا۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز، پلے کارڈز اور فلسطینی پرچم تھامے کثیر تعداد میں شرکت کی اور امریکہ و اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی، آخر میں امریکہ اور اسرائیلی پرچم نذر آتش کئے گئے۔
آپ کا تبصرہ